کاسرگوڈ:20/مارچ(ایس اؤ نیوز) چُری نامی دیہات کے ایک استاد کو ان کے کمرے میں گینگ کے ذریعے قتل کرنے کی واردات پیر کی رات پیش آئی ہے۔
مقتول کی شناکت کورگ کے مکین ریاض (30) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مسجد کے قریب ہی استادوں کے لئے مختص دو کمروں میں سے ایک میں ریاض استاد اور دوسرے کمرے میں مسجد کے خطیب عبدالعزیز مسلیار رہتے تھے۔ دیررات چیخ پکار سن کر مسجد کے خطیب اپنا دروازہ کھول کر باہر دیکھا تو ادھر ادھر سے پتھراؤ ہورہاتھا، تو خطیب عبدالعزیز نے مائک کے ذریعے اعلان کیا کہ استاد ریاض پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے ۔ اطلاع پاکر جمع ہوئے عوام نے خون میں لت پت استاد ریاض کو قریب کے اسپتال لے جانے کی کوشش کی، مگراسپتال پہنچنے سے پہلے ہی روح پرواز کرگئی تھی۔ گردن کاٹ کر استاد کا قتل کیا گیا ہے ، شبہ جتایا گیا ہے کہ دو بائک سواروں نے یہ کرتوت انجام دی ہیں، اعلیٰ سطح جانچ کے لئے نعش کو پیریار میڈیکل کالج روانہ کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق پچھلے 9 برسوں سے استاد ریاض قدیم چری کی محی الدین جمعہ مسجد کے قریب والے عزت الاسلام مدرسہ میں تدریس کی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ڈی وائی ایس پی وی، سوکومارن، سرکل انسپکٹر عبدالرحمن، مغربی زون اے ڈی جی پی راجیش دیوان، آئی مہی پال یادو نے جائے واردات کا معائنہ کیا ہے۔ ملزموں کی گرفتاری کے لئے پولس نے جال بچھایا ہے، علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ملزموں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔پولس نے سخت انتظامات کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ قتل کے بعد ملزم پڑوسی ریاست کو فرار نہ ہونےپائیں، تمام پولس تھانوں کو اطلاع دی جاچکی ہے۔ استاد ریاض کے قتل کی مذمت میں مسلم لیگ کی طرف سے اعلان کردہ بند منگل کی صبح 6بجے سے شام 6بجے تک جاری رہا، پولس نے ہڑتال کو دیکھتے ہوئے گاؤں میں پیشگی طور پرسخت انتظامات کئے تھے۔
